انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ مشکلات سے دوچار ہوگئی، قومی ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 86 رنز بنالیے۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، انہیں اولی رابنسن نے ایل بی ڈبلیو کیا، دوسرے اوپنر اذان اویس 9 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
عبداللہ شفیق صرف 3 رنز بنا سکے اور اولی رابنسن کا شکار بنے جبکہ شان مسعود 5 رنز بنا کر جوفرا آرچر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کپتان بابر اعظم بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 7 رنز بنا کر جوش ٹنگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
غازی غوری چار رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے وہ جوش ٹنگ کا شکار بنے۔ محمد عمران پانچ رنز بنا کر جوش ٹنگ کے ہاتھ آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنسن نے 7 اوورز میں صرف 8 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر نے 5 اوورز میں 18 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جوش ٹنگ نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان نے 15 اوورز میں 48 رنز بنائے تھے اور اس کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی، قومی ٹیم کو ابتدائی نقصان کے بعد اننگز کو سنبھالا دینے کے لیے سعود شکیل اور نچلے نمبروں کے بلے بازوں سے بڑی پارٹنر شپ درکار ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 3 کھلاڑیوں کو ڈیبیو کرایا ہے، پاکستان کو سیریز وائٹ واش سے بچنے کا چیلنج درپیش ہے۔
ایجبسٹن میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ میں شکست سے دوچار ہونے والی ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی ہیں۔ پیس آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا، فاسٹ بولر رضا اللہ اور وکٹ کیپر غازی غوری کو ٹیسٹ ڈیبیو کرایا گیا ہے جبکہ صائم ایوب کی طویل عرصے بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے لارڈز ٹیسٹ میں 194 رنز کی شکست کے بعد 7 کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے اور ان کی جگہ مزید 7 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا غیر معمولی فیصلہ کیا گیا تھا۔ نئے شامل کیے گئے پانچ کھلاڑی پہلی دفعہ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔
پاکستان نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں اننگز کی شکست جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کھائی، جس کے نتیجے میں انگلینڈ نے تین میچز کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
دوسری جانب انگلینڈ نے سیریز کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میں کامیاب رہنے والی ٹیم پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے تیسرے ٹیسٹ کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پاکستان پلیئنگ الیون میں اذان اویس، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم (کپتان)، سعود شکیل، غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، محمد علی اور محمد عباس شامل ہیں۔



