آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
یاد رہے آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 اکتوبر کو ڈربن میں شروع ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیمیں گوکیبرھا اور کیپ ٹاؤن میں مدمقابل ہوں گی۔
خراب فارم کے باوجود مارنس لبوشین اسکواڈ میں برقرار
حالیہ خراب فارم کے باوجود آسٹریلوی اسکواڈ میں ٹاپ آرڈر بیٹر مارنس لبوشین کو برقرار رکھا گیا ہے۔
مارنس لبوشین حالیہ عرصے میں رنز بنانے میں مشکلات کا شکار ہیں تاہم چیف سلیکٹر جارج بیلی نے انہیں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے منتخب کیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے بیٹر کو گزشتہ ہفتے جنوبی افریقا کے دورے کیلئے اعلان کردہ ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا تھا تاہم ٹیسٹ ٹیم میں ان کی جگہ برقرار ہے۔
مارنس لبوشین نے بنگلا دیش کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں 3 اننگز میں صرف 36 رنز بنائے تھے جس کے بعد ان کی ٹیم میں جگہ اور خاص طور پر نمبر 3 کی پوزیشن برقرار رکھنے پر سوالات اٹھنے لگے تھے۔
مارنس لبوشین گزشتہ 7 سال سے آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن میں نمبر 3 کی ذمہ داری نبھاتے آرہے ہیں، تاہم حالیہ کارکردگی کے باعث ان کے مستقبل پر بحث شروع ہوگئی ہے۔
Introducing our Australian Men’s squad for the Qantas Test Tour of South Africa 🇿🇦 pic.twitter.com/Ll7rxuYjpm
— Cricket Australia (@CricketAus) September 7, 2026
چیف سیلکٹر کا دفاع
آسٹریلیا کے چیف سلیکٹر جارج بیلی نے مارنس لبوشین کی فارم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حقیقت سے انکار نہیں کہ ٹیم کو ان سے مزید رنز کی ضرورت ہے، تاہم سلیکٹرز کو اب بھی یقین ہے کہ وہ اسکواڈ میں مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں۔
جارج بیلی کا کہنا تھا کہ صرف مارنس لبوشین ہی نہیں بلکہ مجموعی طور پر آسٹریلیا کا بیٹنگ گروپ اس انداز میں کارکردگی نہیں دکھا سکا جس کی ٹیم کو توقع تھی، تاہم اس عرصے میں آسٹریلیا نے بڑی تعداد میں ٹیسٹ میچز جیتے ہیں اور بالآخر یہی اہم چیز ہے۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں پر ایک نظر
جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں آل راؤنڈر کوپر کونولی، فاسٹ بولر مائیکل نیسر اور بائیں ہاتھ کے اسپنر میتھیو کوہنیمن کو شامل کیا گیا ہے۔کوپر کونولی گزشتہ چند ماہ سے بولنگ نہیں کر رہے اور جارج بیلی کے مطابق انہیں بنیادی طور پر مڈل آرڈر بیٹنگ کیلئے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
مائیکل نیسر بھی جنوبی افریقا میں پیدا ہوئے ہیں۔ وہ پنڈلی کی انجری کے باعث بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے، تاہم جارج بیلی کو امید ہے کہ 36 سالہ فاسٹ بولر جنوبی افریقا کے خلاف سیریز شروع ہونے تک مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔
چیف سلیکٹر کے مطابق مائیکل نیسر دوبارہ بولنگ کی جانب واپسی کے مرحلے میں ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی رکاوٹ پیش نہ آئی تو مائیکل نیسر کے فٹ ہونے کی ٹائم لائن واضح ہے اور وہ سیریز کیلئے دستیاب ہوں گے۔
میچور رینشا کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ انہیں بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے جیک ویدرلڈ کی جگہ ٹریوس ہیڈ کے ساتھ اوپننگ پارٹنر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔
آسٹریلوی اسکواڈ
پیٹ کمنز (کپتان)، اسکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کوپر کونولی، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، میتھیو کوہنیمن، مارنس لبوشین، نیتھن لائن، مائیکل نیسر، میتھیو رینشا، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک اور بیو ویبسٹر۔




