بیجنگ: پاکستان نے مینز جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
چین کے شہر موکی میں کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے نویں منٹ میں ہی گول کر کے برتری حاصل کر لی تھی۔ اور پاکستان پہلے دو کوارٹرز میں ملائیشیا کی دفاعی لائن کو توڑنے میں ناکام رہا۔
قومی جونیئر ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 9 منٹوں میں ہی 5 گول کر دیئے۔
32ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کیا، جبکہ 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 سے برتری دلائی۔
پاکستان کے رانا ولید نے 39ویں اور 40ویں منٹ میں مسلسل دو گول کرکے پاکستان کی گرفت مضبوط کر دی۔ 41ویں منٹ میں علی حمزہ نے پانچواں گول کرکے اسکور 1-5 کر دیا۔
ملائیشیا کی جانب سے گناسیلن دھیرش نے 54ویں منٹ میں دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے میچ کے اختتام تک برتری برقرار رکھتے ہوئے 2-5 سے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے رانا ولید نے دو گول اسکور کیے جبکہ علی حمزہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری فتح حاصل کرچکا ہے۔ جس کے بعد قومی ٹیم 9 پوائنٹس کے ساتھ پول بی میں سرفہرست اور ناقابل شکست دے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار کامیابی پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹیم آئندہ میچز میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
پاکستان اپنا آخری پول میچ بدھ کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم اس سے قبل قازقستان کو 15-0 اور میزبان چین کو 4-2 سے شکست دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان مینز جونیئر ایشیا کپ کا تین مرتبہ چیمپئن رہ چکا ہے۔


