لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے جنگ کا بہانہ بنا کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا لیکن پٹرولیم لیوی کسی صورت قبول نہیں کرسکتے۔ آئندہ پہیہ جام ہڑتال بھی کریں گے اور پورا ملک بند کر دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دھرنے میں خواتین کی تعداد مردوں سے بھی زیادہ ہے جبکہ کراچی، سکھر اور حیدرآباد میں بھی دھرنے جاری ہیں۔ سوات میں کل عظیم الشان جلسہ ہوا اور کل سے وہاں بھی دھرنا شروع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں دھرنے کی صورت میں خطاب سنا جاتا ہے، جبکہ آئندہ ایک دو روز میں راولپنڈی میں بھی دھرنا شروع ہوگا۔ حکومتی کمیٹی سے ملاقات ہوئی ہے اور پیر سے مذاکرات ہوں گے لیکن ہم مذاکرات کے چکروں میں نہیں آئیں گے اور دھرنے جاری رہیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئندہ پہیہ جام ہڑتال بھی کرنی ہے اور پورا ملک بند کردیں گے۔ پٹرولیم لیوی کا قیمتوں سے کوئی تعلق ہی نہیں، عوام کو محفوظ سفری سہولت میسر نہیں جبکہ مہنگائی عروج پر ہے۔ حکمرانوں نے عوام پر ٹیکسز کی بھرمار کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تعلیم کو خریدا جارہا ہے اور سرکاری اسکولز تباہ ہوچکے ہیں۔ اگر مریم نواز لندن سے واپس آگئی ہیں تو بتائیں تعلیم کیوں تباہ کی گئی؟ اسکولوں کو پرائیویٹ کرنے کا مطلب ہے کہ حکومت اسکولز نہیں چلاسکتی۔
امیر جماعت اسلامی نے الزام عائد کیا کہ مریم نواز بچوں کی تعلیم کی دشمن بن چکی ہیں اور قوم کو جواب چاہیے کہ 11 ہزار اسکولز کیوں بیچے گئے۔ آئین میں لکھا ہے کہ میٹرک تک بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بے نظیر قیامت کے دن پوچھیں گی کہ میرے قاتل کیوں نہیں گرفتار کیے گئے۔ پیپلز پارٹی کو سندھی نہیں بلکہ سندھ اور کرپشن چاہیے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب اور سندھ خاندانوں کی اجارہ داری بن چکے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی لاڑکانہ، نوڈیرو اور شہدادکوٹ سمیت کوئی علاقہ ٹھیک نہیں کرسکی۔ پیپلز پارٹی کراچی کو لوٹنے کے لیے اسے سندھ کا حصہ سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھی مہاجر کی ڈرامے بازی بند کرو اور عوام کو اختیار دو۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سندھ کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔


