بھارت اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بھارتی ٹیم رواں ماہ 22 ستمبر کو پہلی بار جاپان کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
سوزوکی کپ کا ایک روزہ ٹی20 انٹرنیشنل میچ جاپان کے سانو انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں ممالک کی مردوں کی ٹیمیں ٹی20 انٹرنیشنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
بھارت اور جاپان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں اس میچ کو اہم قرار دیا گیا ہے۔ مقابلہ ’’اسپورٹ 75‘‘ اقدام کا پہلا مرحلہ ہوگا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ اقدام جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ملاقات کے دوران طے پانے والے معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے ساتھ ساتھ بھارت کی 2036 میں اولمپک اور پیرا لمپک گیمز کی میزبانی کی خواہش کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا کہ یہ کرکٹ کے لیے ایک اہم لمحہ ہے کیونکہ بھارتی ٹیم ایک نئے ملک میں جا رہی ہے اور اس میچ کے ذریعے جاپان اور مشرقی ایشیا میں زیادہ لوگوں کو کرکٹ سے متعارف کرانے کا موقع ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور جاپان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ تعلقات اور دوستی موجود ہے، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں کرکٹ کو شامل کیے جانے پر خوشی ہے۔
دیواجیت سائکیا نے جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے اس میچ کو ممکن بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بھی شکریہ ادا کیا۔
بی سی سی آئی سیکریٹری کے مطابق کرکٹ کی ترقی کو اس کے روایتی علاقوں سے باہر بھی وسعت دینی چاہیے اور دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ بورڈ کی حیثیت سے بی سی سی آئی اس ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری کو تسلیم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر جاپان میں کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے اور آنے والے برسوں میں دونوں اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔
جاپان کے خلاف میچ کے بعد بھارت کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے والی ٹیموں کی تعداد 20 ہوجائے گی۔ جاپانی ٹیم اس وقت مردوں کی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ میں 41ویں نمبر پر موجود ہے۔
جاپان رواں ماہ کے آخر میں شروع ہونے والے ایشین گیمز کا میزبان بھی ہے۔ تاہم بھارت اور جاپان کے درمیان ہونے والا یہ میچ جس مقام پر کھیلا جائے گا، وہ ایشین گیمز میں مردوں اور خواتین کے کرکٹ مقابلوں کے لیے مختص مقام سے مختلف ہے۔
بھارت اور جاپان کا ٹی20 میچ توچیگی پریفیکچر کے سانو انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جبکہ ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلے نشین کے کوروجی اسپورٹس پارک میں منعقد ہوں گے۔
جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ناؤکی میاجی نے بھارت کے خلاف میچ کو جاپانی کرکٹ کے لیے سنگ میل قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ عالمی چیمپئن کو جاپان میں مدعو کرنا جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔
ناؤکی میاجی نے بھارت کے ساتھ مل کر اس مقصد کے حصول میں تعاون کرنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جاپان کرکٹ ایسوسی ایشن بھارتی ٹیم اور کرکٹ شائقین کا استقبال کرنے کی منتظر ہے۔انہوں نے مقامی جاپانی شہریوں کو بھی میچ دیکھنے اور کرکٹ میں دلچسپی لینے کی ترغیب دی تاکہ یہ موقع ایک یادگار تقریب بن سکے۔



