چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان کرکٹ کے حوالے سے منفی تاثر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی کامیابی کی شرح 24 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ہوگئی ہے، اس کے باوجود یہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ختم ہوگئی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ون ڈے کی عالمی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر تھا اور اب گزشتہ چھ میں سے چار سیریز جیت چکا ہے، لیکن پھر بھی یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ختم ہوچکی ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ کامیابی کی شرح 24 فیصد سے بڑھ کر 73 فیصد ہوگئی ہے، وہ کسی مخصوص میچ کی بات نہیں کر رہے بلکہ یہ مجموعی اعداد و شمار ہیں، اس کے باوجود تنقید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ ختم ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایسے حقائق ہیں جنہیں چیک اور تصدیق کیا جاسکتا ہے، تاہم کھلاڑیوں کی حوصلہ شکنی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جب ٹیم کوئی میچ ہارتی ہے تو ہر شخص کو شکست کی وجوہات پر تنقید اور بحث کرنے کا حق ہے، لیکن شکست کو پاکستان کرکٹ کے خاتمے کے طور پر پیش کرنا درست نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے حکمت عملی پر کام جاری ہے، بالخصوص دنیا کی ٹاپ دو ٹیموں کو شکست دینے کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان ایسا کرنے میں کامیاب ہوگا۔
انگلینڈ سے مسلسل دو شکستوں کے بعد بڑے فیصلے
پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچز میں بھاری شکست کا سامنا کرنا پڑا، پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگز اور 103 رنز سے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست دی۔
مسلسل شکستوں کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے سات کھلاڑیوں کو اسکواڈ سے ریلیز کیا، جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) September 4, 2026
ان اچانک تبدیلیوں پر سابق کھلاڑیوں، ماہرین اور کرکٹ حلقوں کی جانب سے شدید تنقید سامنے آئی۔ خاص طور پر یہ سوال اٹھایا گیا کہ جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران اتنے بڑے پیمانے پر اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیاں ٹیم کے استحکام اور کارکردگی کو مزید متاثر کرسکتی ہیں۔
سابق پاکستان کوچ جیسن گلیسپی نے بھی مڈ سیریز تبدیلیوں اور کھلاڑیوں کو فیصلوں سے آگاہ کرنے کے طریقہ کار پر تنقید کی۔ اسی تناظر میں چیئرمین پی سی بی کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیان سامنے آیا ہے۔



