نیروبی: کینیا کے صدر ولیم روٹو نے بھارتی کیمیکل کمپنی ٹاٹا کیمیکل کو ملک میں کام کرنے سے روکنے کا اعلان کردیا۔
کینیا کے صدر کا کہنا ہے کہ کمپنی کئی دہائیوں سے کینیا کی جھیل ماگادی سے قدرتی وسائل نکال رہی ہے، تاہم اس کے باوجود مقامی صنعتوں میں مطلوبہ سرمایہ کاری نہیں کی گئی اور علاقے کے عوام کو بھی خاطر خواہ معاشی فوائد حاصل نہیں ہوسکے۔
ولیم روٹو نے کہا کہ بھارتی کمپنی مقامی معدنی وسائل سے فائدہ اٹھاتی رہی، لیکن اب تک علاقے میں اپنی کوئی قابل ذکر صنعتی تنصیب یا کارخانہ قائم نہیں کیا گیا۔
ان کے مطابق کمپنی کی سرگرمیوں سے مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع بھی توقعات کے مطابق پیدا نہیں ہوئے، جس کے باعث حکومت نے اس معاملے پر سخت فیصلہ کیا ہے۔
کینیا کے صدر نے واضح کیا کہ قدرتی وسائل کا استعمال مقامی آبادی اور ملکی معیشت کے مفاد میں ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایسی سرمایہ کاری کو ترجیح دے گی جس سے مقامی صنعت کو فروغ، روزگار کے مواقع اور عوام کو براہ راست معاشی فائدہ حاصل ہو۔
ولیم روٹو نے بھارتی کمپنی کی جگہ دو نئی کمپنیوں کو کام کا موقع دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نئی کمپنیوں سے توقع کی جائے گی کہ وہ کینیا کے قدرتی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مقامی سطح پر صنعتیں قائم کریں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں۔


