پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر میں بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون سمیت 10دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے جبکہ حملوں میں ایک شہری شہید اور چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دہشت گرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے،سکیورٹی فورسز نے بغیرکسی نقصان کے گبد بارڈر اور گوادر میں آپریشنزمکمل کرکے امن و امان اور ریاستی عمل داری بحال کر دی ۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بلوچ خاتون کوحملےمیں زبردستی شامل کرناریاست اورخواتین کی حرمت کیخلاف جرم ہے،بلوچستان کے عوام ان عناصر کومسترد کرتے آئے ہیں جوان کے نام پر خون بہاتے ہیں۔
عزم استحکام کےتحت انسداد دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی،غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی ادارے پُرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گوادرمیں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پرسکیورٹی فورسزکوخراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے گوادرمیں 10 دہشت گرد ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسزکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے دہشت گرد حملے میں شہری کی شہادت پرگہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسزنے گوادراورگبد بارڈر کراسنگ کےاطراف دہشتگردوں کےعزائم ناکام بنا دیے۔
دہشت گرد بلوچستان کےعوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،فتنہ الہندوستان کےدہشت گرد اپنےمذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،عزم استحکام کےتحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رہیں گی،غیر ملکی سرپرستی میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔


