7 سال قبل 2019 میں ہونے والی پاک بھارت جھڑپ کے بعد پاکستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے سابق گروپ کیپٹن ابھینندن ورتھمان نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے کر نجی ایئرلائن میں کمرشل پائلٹ کی حیثیت سے ملازمت اختیار کرلی۔
بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ابھینندن ورتھمان نے بھارتی فضائیہ سے 22 سالہ سروس کے بعد ریٹائرمنٹ لی اور اگست 2026 میں گووا کی مقامی ایئرلائن FLY91 میں بطور پائلٹ شمولیت اختیار کرلی۔
ابھینندن ورتھمان نے تاحال اپنی نئی ملازمت کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، جبکہ FLY91 کے ترجمان نے بھی اپنے ملازمین سے متعلق ذاتی معلومات فراہم کرنے سے انکار کرتے ہوئے معاملے کو نجی قرار دیا۔
یاد رہے FLY91 نے مارچ 2024 میں کمرشل پروازوں کا آغاز کیا تھا اور اس وقت ایئرلائن کے بیڑے میں 6 اے ٹی آر 72-600 طیارے شامل ہیں۔ ایئرلائن کے دو بیس گووا اور حیدرآباد میں قائم ہیں۔
2019 کی پاک بھارت فضائی جھڑپ
ابھینندن ورتھمان فروری 2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی شدید فوجی کشیدگی کے دوران خبروں کی زینت بنے تھے۔
فروری 2019 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں مبینہ حملے میں 40 بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار مارے گئے گئے، بھارت نے اس کا الزام پاکستان پر لگایا اور پاکستان میں فضائی کارروائی کرڈالی۔
اس کارروائی کے اگلے روز پاکستانی فضائیہ نے جوابی کارروائی کی،پاک فضائیہ نے اپنے اس آپریشن کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کا نام دیا تھا۔جھڑہوں کے بعد دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا اور خطے میں جنگ کے خدشات پیدا ہوگئے تھے۔
ابھینندن ورتھمان کی گرفتاری و رہائی
27 فروری 2019 کو ہونے والی فضائی جھڑپ کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کا مگ 21 بائسن طیارہ مار گرایا گیا تھا، جس کے بعد اس کے پائلٹ ابھینندن ورتھمان پاکستان میں گرفتار ہوگئے تھے۔
طیارہ گرنے کے بعد ابھینندن نے ایجیکٹ کیا تھا اس دوران انہیں چوٹیں بھی آئی تھیں۔ وہ تقریباً 3 روز تک پاکستان میں زیر حراست رہے اور یکم مارچ 2019 کی رات پاکستان نے انہیں واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کردیا تھا۔
ویر چکر سے بھی نوازا گیا
2019 کے واقعے کے بعد ابھینندن ورتھمان کو بھارت میں نمایاں حیثیت حاصل ہوئی۔اسی سال بھارتی حکومت نے انہیں ویر چکر سے نوازا، جو بھارت کا تیسرا بڑا جنگی بہادری کا اعزاز ہے۔
ٹی از فنٹاسٹک
بھارتی پائلٹ ابھینندن پاکستان ملٹری کے ضابطہ اخلاق اورمیزبانی کامعترف ہوا۔ گرفتاری کے دوران انہیں چائے پیش کی گئی ، جس کی انہوں نے کھل کر تعریف کی ،ان کی جانب سے بولا گیا ڈائیلاگ ٹی از فنٹاسٹک بہت مشہور ہوا۔
سوشل میڈیا پرٹی از فنٹاسٹک کا ہیش ٹیگ 36 گھنٹے زیرگردش رہا۔ 7سال بعد بھی ابھینندن کی چائے کے پاکستان میں چرچے برقرار ہیں۔



