لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
جسٹس راحیل کامران 7 مئی 2021 کو لاہور ہائیکورٹ میں جج تعینات ہوئے تھے۔ اس وقت وہ ججز کی سنیارٹی لسٹ میں 27 ویں نمبر پر تھے اورانہیں 20 جنوری 2036 کو ریٹائرڈ ہونا تھا لیکن انہوں نے قبل از وقت آئین کے آرٹیکل 206 کے تحت استعفیٰ دیا۔
جسٹس راحیل کامران شیخ نے استعفے کی کاپی رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔
جسٹس راحیل کامران شیخ کا کہنا ہے کہ جج کے منصب پر خدمات انجام دینا اعزاز اور باعثِ فخر رہا، استعفے کے بعد قانونی اسکالرشپ، پالیسی ریسرچ اور تقابلی عدالتی امور میں کام کا فیصلہ کیا ہے۔
جسٹس راحیل کامران شیخ کے مطابق عدالتی بینچ پر گزارے سال پیشہ ورانہ زندگی کے اہم اور بھرپور سال رہے، آئین اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی کے عزم کے ساتھ بینچ چھوڑ رہا ہوں۔

جسٹس راحیل کامران شیخ نے آئین اور قانون کی بالادستی سے اپنی دائمی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے سینیئر ساتھی ججز کی رہنمائی اور حکمتِ عملی پر ان کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے عملے کی محنت اور تعاون کی بھی تعریف کی۔
جسٹس راحیل کامران لندن اسکول آف اکنامک کے گریجوایٹ ہیں جبکہ بیرسٹر کی ڈگری میڈل ٹیمپل سے حاصل کی ہے۔ وہ پاکستان بار کونسل کے ممبر بھی رہے۔



