کوئٹہ: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بلوچستان ہائیکورٹ میں عوامی سہولت مرکز کا افتتاح کر دیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کوئٹہ میں عوامی سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے سہولت مرکز کا قیام اہم قدم ہے، اور عدالتی نظام کو صرف عدالت کے بجائے شہریوں کی ضروریات کے گرد مرکوز کرنا ہو گا۔
سہولت مرکز کی افادیت پر انہوں نے کہا کہ سہولت مرکز کے قیام سے عوام اور وکلا کو کئی سہولیات میسر آئیں گی اور سائلین کو مؤثر اور آسان انداز میں خدمات فراہم کی جائیں گی۔ بلوچستان آنا ان کے لیے بڑی خوشی کی بات ہے۔
انصاف کی فراہم پر جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ مرکز کے قیام کا مقصد سائلین اور وکلا کو فوری سہولیات فراہم کرنا ہے، اس سے انصاف کی فراہمی کا عمل بھی تیز ہو گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے خواہش ظاہر کی کہ عوامی سہولت مرکز بلوچستان کے ہر ضلع اور تحصیل میں قائم کیا جائے۔ اور جسٹس فنڈز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ایسے سہولت مراکز ملک کے ہر ضلع میں قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو انصاف کے حصول میں آسانی فراہم کی جاسکے۔


