نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کرسکتا، سندھ طاس معاہدے پر بھارت کے اقدامات کو جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانیہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے منیلا میں ملاقات ہوئی، جس میں انسداد دہشت گردی، تجارت اور دیگر باہمی امور پر بات چیت ہوئی۔ پاک برطانیہ تجارت کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیراعظم کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ اور دیگر حکام نے ایران اور امریکا کے درمیان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ برطانوی وزرا نے کہا کہ پاکستان نے مشکل وقت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بھی تعریف کی گئی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سے بھی ملاقات ہوئی، جبکہ افغانستان اور ایران کے معاملات پر بھی برطانوی وزیر خارجہ سے تفصیلی بات چیت ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے اور افغان حکومت کو یقینی بنانا چاہیے کہ اس کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہو۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان کے راستے ازبکستان سے پاکستان تک ریلوے لائن کے معاہدے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے، بارڈر بند ہونے سے پاکستانی کاشتکاروں کو بھی نقصان پہنچا، پاکستان نے دو مرتبہ ایک ہزار کنٹینرز کو انسانی بنیادوں پر افغانستان جانے کی اجازت دی تاہم افغان حکومت نے رفاہی سامان سے لدے کنٹینرز کو جانے کی اجازت نہیں دی۔
اسحاق ڈار نے عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایم ٹی ہارنر 25 پر موجود 10 پاکستانی بحری کارکنوں کی رہائی کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایم ٹی ہارنر 25 پولاؤ میں رجسٹرڈ جہاز ہے۔
Pakistan’s Deputy Prime Minister and Foreign Minister, Senator Ishaq Dar, addresses a press conference at the Pakistan High Commission in London. pic.twitter.com/qtWU2YdFDj
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) August 28, 2026
معیشت کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کر دیا گیا ہے اور ملک کے ڈیفالٹ کا خدشہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دنیا بھر سے اتنے دعوت نامے موصول ہوتے ہیں کہ انتخاب کرنا مشکل ہو جاتا ہے، شہباز شریف کی قیادت میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو تاریخ میں سنہری باب کے طور پر لکھا جائے گا۔

