امریکا میں مسافر طیارہ اڑانے کے چند منٹ بعد ہی پائلٹ کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد طیارے نے واپس ہنگامی لینڈنگ کی۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز ٹیک آف کے 4 منٹ بعد پائلٹ کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر واپس ایئر پورٹ پر اتار لی گئی۔
ایئر لائن کے مطابق پرواز 1208 اورلینڈو، فلوریڈا کے لیے روانہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو پیش آنے والے طبی مسئلے کی وجہ سے منیاپولس سینٹ پال انٹرنیشنل ایئر پورٹ واپس آ گئی۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریکارڈنگ کے مطابق عملے کے ایک رکن نے کہا، ہمیں فوری طور پر واپس ایئرپورٹ آنا ہے۔
ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق ترجمان کے مطابق 31 اگست کو جس فلائٹ میں یہ صورتِ حال پیش آئی اس میں 178 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے۔ عملے اور مسافروں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس فلائٹ کے پائلٹ کو پیش آنے والے طبی مسائل کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔
طیارے کے بحفاظت لینڈ کرنے کے بعد ڈیلٹا نے نیا فضائی عملہ فراہم کیا، جس کے بعد پرواز نے اورلینڈو کا سفر دوبارہ شروع کیا اور اسی شام منزل پر پہنچ گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند ہفتے قبل فرنٹیئر ایئر لائنز کی ایک پرواز میں لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے 4 فضائی میزبانوں کو سر درد اور متلی کی شکایت کے باعث طبی ہنگامی صورت حال کا اعلان کرنا پڑا تھا تاہم اس واقعے میں عملے کی بیماری کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی تھی۔



