بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کان پور میں تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ اور انسٹرکٹر ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر کان پور میں دو انجن والا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار پائلٹ اور انسٹرکٹر ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اطالوی ساختہ ٹیکنام تھا، جو تربیتی پرواز کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ طیارے نے صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے اڑان بھری تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تربیتی پرواز مکمل کرنے کے بعد طیارہ ٹریننگ سینٹر واپس آ رہا تھا۔ تقریباً 11 بج کر 50 منٹ پر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جبکہ اس میں موجود پائلٹ اور انسٹرکٹر جانبر نہ ہوسکے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ طیارے کے حادثے کے بعد علاقے میں کارروائی شروع کی گئی جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ تربیتی پرواز کے دوران طیارہ کن حالات میں حادثے کا شکار ہوا۔
حادثے کے حوالے سے طیارے کی پرواز، پائلٹ اور انسٹرکٹر کی تربیتی سرگرمیوں اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی طیارہ گرنے کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔




