خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لاپتا رکنِ قومی اسمبلی فضل محمد خان گھر واپس پہنچ گئے۔
فضل محمد خان کو 22 ستمبر کو اسلام آباد سے چارسدہ آتے ہوئے رشکئی انٹرچینج کے قریب سے مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا۔
فضل محمد خان نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کر کے گھر واپسی کی تصدیق کی اور کہا کہ انہیں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ایک نامعلوم مقام پر چھوڑا گیا۔ دورانِ حراست کوئی سیاسی بات چیت کی گئی نہ ہی جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
فضل محمد خان نے مزید بتایا کہ وہ اغوا کرنے والوں کی شناخت اور اس کے پیچھے کارفرما وجوہات سے لاعلم ہیں ۔
فضل محمد خان کے مطابق مسلح افراد نے گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کر کے روکا اور اپنے ساتھ لے گئے تھے۔واقعے کا مقدمہ ان کے پرسنل اسسٹنٹ وقار احمد کی مدعیت میں تھانہ رسالپور، نوشہرہ میں درج کیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ نے بھی رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان کی گھر واپسی کی تصدیق کی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ رکن قومی اسمبلی گزشتہ تقریباً 2 ماہ کہاں رہے اور ان کی واپسی کن حالات میں ہوئی؟
جبری اغواء چارسدہ کے منتخب ایم این اے فضل محمد گھر پہنچ گئے۔
22ستمبر کو فضل محمد کو اغواء کیا گیا تھا۔ https://t.co/G7tnWI82w4— ikram Khatana (@ikramkhatana75) November 24, 2026
فضل محمد خان کے مبینہ اغوا کے بعد تحریک انصاف نے الزام عائد کیا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں مردان کے تھانہ شیخ ملتون کی حدود سے اغوا کیا تھا۔
رکن قومی اسمبلی کے لاپتا ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا جبکہ ان کے اہل خانہ نے بازیابی کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔عدالت نے پولیس کو فضل محمد خان کا سراغ لگانے اور ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔
واضح رہے فضل محمد خان نے 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 25 چارسدہ ٹو سے کامیابی حاصل کی تھی۔



