امریکی ریاست مسیسیپی کے ساحل کے قریب چھوٹا طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا این بی سی نے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ سنگل انجن اور بلند پروں والا سیسنا 210 طیارے نے نیو اورلینز کے لیک فرنٹ ایئرپورٹ سے پرواز کی تھی اور اسے فلوریڈا کے شہر فورٹ مائرز جانا تھا، پرواز کے 30 منٹ بعد مسیسیپی کے علاقے ہارن آئی لینڈ سے تقریباً دو میل شمال مشرق میں پاسکاگولا کے قریب سمندر میں گرا۔
حکام کے مطابق ریجنل ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کا طیارے سے دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر رابطہ منقطع ہو گیا، جس کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ سمیت مقامی، ریاستی اور وفاقی اداروں نے تلاش کا آپریشن شروع کیا۔ تقریباً دو گھنٹے بعد ہارن آئی لینڈ سے دو میل شمال مشرق میں طیارے کا ملبہ مل گیا۔
امریکی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام 6 افراد کی لاشیں 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد سمندر سے نکال لی گئیں۔ ہلاک ہونے والے دونوں بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔
امریکی کوسٹ گارڈ کے سرچ اینڈ ریسکیو کوآرڈینیٹر کمانڈر ٹریور بلاؤنٹ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دلخراش نتیجہ ہے اور اس ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار خاندانوں اور ان کے پیاروں کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔
خیال رہے سیسنا 210 ایک سنگل انجن، 6 نشستوں والا ہلکا طیارہ ہے، جسے عموماً نجی سفر اور عمومی ہوا بازی کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔



