قومی ہاکی چیمپئن شپ کی انعامی رقم میں نمایاں طور پر 10 گنا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے، چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو اب لاکھوں روپے ملیں گے۔
اس سے پہلے ماضی میں کھلاڑیوں کو صرف ڈیلی الاؤنس اور رہائش دی جاتی تھی۔ اس بار مالی مراعات کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔
قومی سینئر، جونیئر اور انڈر 15 ہاکی چیمپئن شپ اگلے سال جنوری میں منعقد کی جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے فروغ، نچلی سطح پر باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور قومی ٹیم کے لیے مضبوط ٹیلنٹ پول تیار کرنے کے لیے قومی ہاکی چیمپئن شپ اور صوبائی کوالیفائنگ ٹورنامنٹس کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف نے تمام صوبائی اسپورٹس سیکرٹریز، علاقائی ہاکی ایسوسی ایشنز اور انتظامی علاقوں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کو اپنے اپنے کوالیفائنگ ٹورنامنٹس 31 دسمبر تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ایچ ایف کے مطابق کوالیفائنگ مرحلہ مکمل کرنے والی ٹیمیں جنوری سے شروع ہونے والی قومی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی۔ انڈر15 اسکول چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے چار جبکہ علاقائی حکومتوں سے دو ٹیمیں شرکت کریں گی۔
انڈر18 چیمپئن شپ کے لیے ہر صوبے سے دو اور علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم کو شامل کیا جائے گا، جبکہ خواتین کی قومی چیمپئن شپ میں ہر صوبے سے دو اور علاقائی حکومتوں سے ایک ٹیم حصہ لے گی۔ قومی مردانہ چیمپئن شپ میں منتخب صوبائی اور محکمہ جاتی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پی ایچ ایف کے مطابق ان مقابلوں کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں اور صوبائی سطح پر نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اور انہیں قومی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ قومی ہاکی ٹیم کیلیے مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب اور مضبوط ڈرافٹ تیار کیا جا سکے۔



