مردان: خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے آپریشن کے دوران 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آواران میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 4 خوارج مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق کاٹلنگ میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔ جبکہ دیگر دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ مارے جانے والے دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 خوارج مارے گئے۔ جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 4 خوارج کا ہلاک ہونا سیکیورٹی فورسز کی موثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ مصدقہ اطلاعات پر کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال فورسز کی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوارج سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔ بلوچستان میں امن کو نقصان پہنچانے والوں سے رعایت نہیں برتی جائے گی اور سیکیورٹی فورسز پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔


