تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 389 رنز کا ہدف دے دیا۔
لارڈز میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 177 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے کیا لیکن پوری انگلش ٹیم 208 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈین لارنس 54 اور ہیری بروک 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جبکہ ایمیلو گے 31 اور جارڈن کاکس 11رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
محمد علی اور خرم شہزاد کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں۔ محمد عباس نے انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، اس طرح انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 290 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
پہلی اننگ میں پاکستان کے صرف دو کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے تھے ، اذان اویس 46 رنز کیساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ سعود شکیل نے 16 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے اولی رابنس نے 4 اور جوفرا آرچر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
واضح رہے لیڈز میں کھیلے گے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو اننگ اور 103 رنز سے شکست دی تھی۔



