پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ وہ اور کھلاڑی لارڈز ٹیسٹ کے دوران عمران خان کے بیٹوں کے انٹرویو کی نشریات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے درمیان مبینہ تنازع سے لاعلم تھے۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران اسکائی اسپورٹس نے سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان کا انٹرویو نشر کیا تھا جس پر پی سی بی نے اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ احتجاج کیا۔
Sarfaraz Ahmed said he and his players did not know about a Pakistan Cricket Board threat to the England and Wales Cricket Board over a Sky interview with the sons of Imran Khan.
During lunch on day one of the second Test, Sky Sports aired an interview with Suleiman and Kasim… pic.twitter.com/nxgWDjrYOc
— Test Match Special (@bbctms) August 28, 2026
سابق انگلش کپتان اور موجودہ اسکائی اسپورٹس براڈ کاسٹر مائیک ایتھرٹن نے عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان سے انٹرویو کیا جو بعد میں نشر بھی کردیا گیا۔ عمران خان گزشتہ تین برس سے جیل میں ہیں اور گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ان کی صحت کا معاملہ خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
بی بی سی کے ٹیسٹ میچ اسپیشل کے مطابق سرفراز احمد نے کہا کہ وہ اور ٹیم کے کھلاڑی صرف میچ پر توجہ دے رہے تھے اور انہیں اس معاملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔
انہوں نے اس بارے صحافی کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ “مجھے کچھ علم نہیں، میں صرف میچ پر فوکس کر رہا ہوں۔”
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے لنچ بریک سے قبل ہی اسکائی اسپورٹس سے رابطہ کرکے پروگرام کے اس حصے پر احتجاج کیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے مبینہ طور پر یہ انتباہ کیا گیا تھا کہ اگر انٹرویو نشر کیا گیا تو پاکستانی کھلاڑی لنچ کے بعد میدان میں واپس نہیں آئیں گے۔
تاہم انٹرویو کا ایک ترمیم شدہ ورژن نشر کردیا گیا اور کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی کھلاڑی میدان میں واپس آگئے، جس کے بعد میچ معمول کے مطابق جاری رہا۔
صحافی نے سرفراز احمد سے پوچھا کہ کیا کھانے کے وقفے کے بعد کھلاڑیوں کے میدان میں واپس نہ آنے کی کوئی تجویز زیر غور تھی؟
سرفراز احمد نے جواب دیا، ’’نہیں، نہیں۔ آپ انٹرویو کی بات کر رہے ہیں، ہمیں ان انٹرویوز کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔‘‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کھلاڑیوں نے بہرحال کھیل جاری رکھنا تھا تو سرفراز احمد نے کہا، ’’سب ٹھیک ہیں، اس وقت ہم لنچ کر رہے تھے۔‘‘
