محکمہ صحت سندھ نے افسران اور ملازمین کے لیے چھٹیوں کے روایتی اور کاغذی نظام کو ختم کرتے ہوئے تمام درخواستیں آن لائن جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق 31 اگست 2026 کے بعد بی پی ایس 16 سے بی پی ایس 20 تک کے تمام افسران اور ملازمین کیلئے ہر قسم کی چھٹی کی درخواست صرف ہیومن ریسورس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (HRMIS) پورٹل کے ذریعے جمع کرانا لازمی ہوگا۔
محکمہ صحت کے احکامات کے مطابق مقررہ تاریخ کے بعد کاغذ پر یا روایتی طریقے سے جمع کرائی جانے والی چھٹی کی درخواست کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔
ملازمین کو چھٹی پر جانے سے قبل ایچ آرایم آئی ایس پورٹل پر درخواست جمع کرانے کے ساتھ متعلقہ مجاز افسر سے اس کی منظوری حاصل کرنا بھی ضروری ہوگا۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ ایچ آرایم آئی ایس پر چھٹی کی درخواست جمع کرائے اور اس کی باقاعدہ منظوری حاصل کیے بغیر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے ملازم کی غیر حاضری غیر قانونی تصور کی جائے گی۔
اس کے علاوہ HRMIS کے علاوہ کسی دوسرے ذریعے سے چھٹی حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے افسر یا ملازم کے خلاف سخت تادیبی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
تمام سیکشن افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چھٹیوں کی درخواستوں پر کارروائی صرف ایچ آرایم آئی ایس پورٹل کے ذریعے کریں اور نئے آن لائن نظام پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
محکمہ صحت کے مطابق ایچ آرایم آئی ایس پورٹل پر چھٹی کی درخواست جمع کرانے یا آن لائن نظام کے استعمال میں کسی قسم کی دشواری پیش آنے کی صورت میں فوکل پرسن ڈاکٹر اللہ بخش مشتاق، چیف ٹیکنیکل آفیسر (بی پی ایس 19) سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
محکمے نے تکنیکی معاونت کے لیے [email protected] ای میل بھی جاری کی ہے۔ نئے نظام کا مقصد چھٹیوں کے عمل کو شفاف، تیز اور ریکارڈ پر مبنی بنانا ہے۔


