وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پمز ہسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے دلخراش واقعے کے نتیجے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا کہ ننھی جانوں کا المناک سانحہ پورے ملک کو سوگوار کر گیا ہے، جس کا کرب الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی اچانک اور المناک موت انتہائی تکلیف دہ اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے، جس نے ہر آنکھ کو اشکبار اور ہر دل کو غمزدہ کر دیا ہے۔
پمز ہسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے دلخراش واقعے میں 14 معصوم بچوں کے جاں بحق ہونے پر دل شدید رنجیدہ اور غمزدہ ہے۔ ننھی جانوں کا یہ المناک سانحہ پورے ملک کو سوگوار کر گیا ہے جس کا کرب لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔اس ناقابلِ تلافی نقصان پر میں غمزدہ والدین اور لواحقین کے دکھ میں…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) August 26, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس ناقابلِ تلافی نقصان پر وہ غمزدہ والدین اور لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہیں۔
انہوں نے جاں بحق بچوں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم سوگوار خاندانوں کے غم میں شریک ہے۔
مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق بچوں کو اپنی رحمت میں جگہ دے، ان کے درجات بلند فرمائے اور تمام سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ برداشت صدمہ برداشت کرنے کی ہمت، حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
