اسلام آباد کے پمز اسپتال میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 بچوں کے جاں بحق ہونے پر عالمی برادری نے اظہارافسوس کیا ہے ۔
برطانوی سفارتخانے کا اظہار افسوس
پاکستان میں برطانوی سفارتخانے نے پمز اسپتال واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دل دہلا دینے والے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اس ناقابلِ تصور سانحے پر متاثرہ والدین اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں اس وقت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
Heartbreaking news that at least 14 infants sadly passed away following a terrible fire at Pakistan Institute of Medical Sciences. Our deepest condolences and thoughts are with the parents and families at this unimaginably difficult time.
— UK in Pakistan 🇬🇧🇵🇰 (@ukinpakistan) August 26, 2026
کینیڈین ہائی کمیشن نے کیا کہا؟
پمز اسپتال سانحے پر کینیڈین ہائی کمیشن نے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق نومولود بچوں کے لواحقین سے اظہارہمدردی کرتے ہیں ، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ہر نومولود بچے کو زندگی کا ایک محفوظ آغاز ملنا چاہیے؛یونیسف
یونیسف نے بھی پمز اسپتال میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
یونیسف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سوگوار خاندانوں اور اس المناک واقعے سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ہر نومولود بچے کو زندگی کا ایک محفوظ آغاز ملنا چاہیے، اور ہر ماں اور بچے کو محفوظ اور پُرامن طبی مرکز میں علاج معالجے کی سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔
یونیسف تمام صحت کی سہولیات میں آگ سے بچاؤ اور حفاظتی معیارات کا فوری جائزہ لینے اور انہیں مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کرتا ہے، تاکہ ہر ماں اور بچے کو محفوظ ماحول میں ضروری طبی نگہداشت فراہم کی جا سکے۔



