مظفرآباد: آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے اہم مرحلے کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس مظفرآباد کے نجی ہوٹل میں ہوا، جس میں حکومت سازی کے آئندہ لائحہ عمل سمیت اہم سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کی صدارت مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کی، جبکہ پارٹی قیادت سمیت تمام نومنتخب ارکان اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور انوشہ رحمان بھی شریک ہوئیں۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی اجلاس میں موجود تھے۔
مسلم لیگ (ن) کی اتحادی جماعت عوامی دستِ بازو کے چیئرمین اور نومنتخب رکن اسمبلی ساجد اقبال نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ چوہدری طارق فاروق، مشتاق منہاس، نورین عارف، وقار احمد نور اور چوہدری اظہر صادق سمیت راجہ ثاقب مجید، راجہ عمیر نعیم اور دیگر نومنتخب ارکان اسمبلی بھی اجلاس میں موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے آئندہ لائحہ عمل پر اہم مشاورت کی گئی، جبکہ مخصوص نشستوں پر انتخاب کے حوالے سے ارکان اسمبلی کو ہدایات دینے پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ووٹنگ کے حوالے سے پینلز کی تشکیل پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 4 پر اپنی امیدواروں کو کامیاب کرانے کی حکمت عملی مرتب کی ہے۔
اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے انتخاب کے معاملے پر بھی غور کیا گیا، تاہم ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) تاحال قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کا حتمی فیصلہ نہیں کرسکی۔
ذرائع کے مطابق قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کی حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف دیں گے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخاب کل ہوگا، جبکہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی کل دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے۔ اسمبلی اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا شیڈول بھی کل جاری کیے جانے کا امکان ہے، جس کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے مراحل تیزی سے آگے بڑھیں گے۔
نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی اہم ملاقات
ادھر آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت بھی متحرک ہوگئی ہے۔ میاں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت سازی، قائد ایوان کے انتخاب اور دیگر اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کے ناموں سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

