اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے الوداعی ملاقات کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک سعودی دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کے فروغ میں سعودی سفیر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی آزمودہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر استوار ہیں۔
آصف علی زرداری نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مستقل اور بھرپور حمایت کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر کے دور میں پاک سعودی تعلقات کے حوالے سے جو مضبوط بنیاد رکھی گئی، وہ آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی رہنمائی کرے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں برادر ممالک کے عوام کے درمیان گہرے مذہبی، تاریخی اور ثقافتی روابط بھی موجود ہیں۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت، تعاون اور مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
President appreciates Saudi Ambassador Nawaf bin Said Al-Malkiy’s contribution to strengthening Pakistan-Saudi ties
President Asif Ali Zardari has appreciated the contribution of Ambassador of the Kingdom of Saudi Arabia to Pakistan, Nawaf bin Said Al-Malkiy, towards… pic.twitter.com/7nONHyo45u
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) August 23, 2026
نواف بن سعید المالکی 2017 سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔ ان کے دور سفارت کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور تزویراتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملا۔
صدر آصف علی زرداری نے سعودی سفیر کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ آپ کا دوسرا گھر رہے گا۔
صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ نواف بن سعید المالکی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی تعلقات کے لیے اپنا کردار آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

