یوٹیوب نے نئے کونٹینٹ کریئیٹرز کے لیے آمدنی حاصل کرنے کی شرائط مزید سخت کر دیں۔ جس کے تحت یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت اور مونیٹائزیشن کے لیے پہلے کے مقابلے میں دگنا واچ ٹائم درکار ہو گا۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق یوٹیوب کی نئی پالیسی کا اطلاق یکم فروری 2027 سے ہو گا۔ جس میں نئے کریئیٹرز کو گزشتہ 365 دنوں میں 8 ہزار گھنٹے کا اہل واچ ٹائم یا گزشتہ 90 دنوں میں 2 کروڑ اہل یوٹیوب شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
اس سے قبل یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے لیے 4 ہزار واچ گھنٹے یا 90 دنوں میں ایک کروڑ شارٹس ویوز کی شرط عائد تھی۔ تاہم یوٹیوب نے مونیٹائزیشن کے لیے کم از کم سبسکرائبرز کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
نئے کریئیٹرز بدستور ایک ہزار سبسکرائبرز مکمل کرنے کے بعد دیگر شرائط پوری کر کے یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے اہل ہوسکیں گے۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں پہلے سے شامل کریئیٹرز اس تبدیلی سے متاثر نہیں ہوں گے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ نئی شرائط پلیٹ فارم پر بڑھتے ہوئے مواد اور ناظرین کی تعداد کے پیش نظر متعارف کرائی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سم کارڈ کے نام پر فراڈ، پی ٹی اے نے شہریوں کو خبردار کر دیا
واضح رہے کہ یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے ذریعے دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زائد کریئیٹرز آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔
