عالمی شہرت یافتہ ریسلر اور ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے لیجنڈ بروک لیسنر نے 26 سالہ شاندار کیریئر کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
متعدد بار عالمی چیمپئن رہنے والے لیسنر نے یہ اعلان ڈبلیو ڈبلیو ای کے سال کے دوسرے بڑے ایونٹ سمر سِلیم میں اپنے آخری مقابلے کے بعد کیا۔
بروک لیسنر کا آخری میچ نائجیریا سے تعلق رکھنے والے ابھرتے ہوئے ریسلر اوبا فیمی کے خلاف مشہور ہیل اِن اے سیل (Hell in a Cell) مقابلے میں ہوا، جہاں انہیں سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ پہلا موقع تھا کہ فولادی پنجرے کے اس خطرناک مقابلے میں لیسنر کو شکست ہوئی، مقابلے کے اختتام پر منظر انتہائی جذباتی تھا۔
بروک لیسنر نے اوبا فیمی کا ہاتھ بلند کرتے ہوئے انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کا ’’مستقبل‘‘ قرار دیا جبکہ خود کو ریسلنگ کی دنیا کا ’’ماضی‘‘ کہا۔
اس موقع پر انہوں نے مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے طویل کیریئر پر اظہارِ تشکر کیا، جبکہ اوبا فیمی بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہو گئے۔
بعد ازاں دی پیٹ میکافی شو میں گفتگو کرتے ہوئے بروک لیسنر نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی باضابطہ تصدیق کی۔ انہوں نے کہا، ’’میں آج دنیا بھر کے اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں اب ریٹائر ہو چکا ہوں۔ آپ سب کی محبت، عزت اور حمایت پر دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں۔‘‘
لیسنر نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ساؤتھ ڈکوٹا کے ایک فارم ہاؤس سے تعلق رکھنے والے عام لڑکے تھے، جن کے دل میں بڑے خواب اور کچھ کر دکھانے کا جذبہ تھا۔
ہاکی ورلڈ کپ 2026 کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی باقی زندگی خاندان کے ساتھ گزارنا، اپنے بچوں کے کھیلوں کے کیریئر میں ان کی رہنمائی کرنا اور فطرت کے قریب ایک پُرسکون زندگی بسر کرنا چاہتے ہیں۔
ان کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں ریسلنگ کے مداحوں نے انہیں شاندار کیریئر پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
