پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زیمبیا میں منعقد ہونے والی ایشین لیجنڈز لیگ میں سابق قومی کرکٹرز کی شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ لیگ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی منظور شدہ نہیں ہے اور اس میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق آئی سی سی نے ایشین لیجنڈز لیگ کو غیر منظور شدہ ایونٹ قرار دیا ہے، ایسے میں کسی بھی موجودہ یا سابق پاکستانی کرکٹر کے لیے اس لیگ میں شرکت سے قبل پی سی بی سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کرنا لازمی تھا۔
ترجمان نے خبردارکیا کہ پی سی بی سے این او سی حاصل کیے بغیرغیرمنظور شدہ لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑی دو سال تک پی سی بی کے کسی بھی پروگرام، سرگرمی یا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کسی بھی عہدے یا ذمہ داری کے لیے نااہل قرار دیئے جا سکتے ہیں۔
پی سی بی نے کہا کہ وہ آئی سی سی کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد اورکھیل کی ساکھ کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ بورڈ دیگر رکن کرکٹ بورڈزاورآئی سی سی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ بین الاقوامی قوانین پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق آئی سی سی نے تمام رکن بورڈز کو واضح ہدایت دے رکھی ہے کہ ان کے کھلاڑی کسی بھی غیر ملکی کرکٹ ایونٹ میں شرکت سے قبل اپنے متعلقہ ہوم بورڈ سے این او سی حاصل کریں۔
ان قوانین کے تحت رکن بورڈز پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ غیر منظور شدہ ایونٹس میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی کریں۔
پی سی بی کا بڑا فیصلہ، گریڈ ون ڈیپارٹمنٹل کرکٹ میں دو نئی ٹیموں کی انٹری
پی سی بی نے مزید خبردارکیا کہ اگرکوئی رکن بورڈ ایسے معاملات میں کارروائی کرنے میں ناکام رہتا ہے تو آئی سی سی اس متعلقہ بورڈ کے خلاف بھی ضابطوں کے مطابق کارروائی کر سکتا ہے۔
