وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کہیں نہیں جا رہا، حکومت اپنی آئینی مدت یعنی پانچ سال مکمل کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی پر وزیراعظم شہباز شریف کو جوابدہ ہیں اور وزیراعظم سے درخواست کرتے ہیں کہ ان کی وزارت سمیت تمام وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ تمام وزارتوں کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے اور اس کے نتائج عوام کے سامنے رکھے جائیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ کون سی وزارت کس حد تک مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔
The 🇵🇰 Government will complete its five-year term.
– Mohsin Naqvi pic.twitter.com/0yC6UdK5hk
— Asad Nasir (@asadnasir2000) August 5, 2026
انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاسوں میں ان کی حاضری تقریباً 70 فیصد رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی اپنے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ ملک کا نظام گزشتہ 80 برسوں میں تباہ ہوا ہے، تاہم اس بیان کو موجودہ حکومت پر تنقید نہ سمجھا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر نظام درست ہوتا تو پاکستان کہیں زیادہ ترقی کر چکا ہوتا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ 14 سے 16 گھنٹے کام کرتے ہیں اور موجودہ نظام میں بھی ایف بی آر کے ریونیو میں نمایاں اضافہ، سفارتی کامیابیاں اور مختلف شعبوں میں اصلاحات ان کی قیادت کا ثبوت ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو ایک بہتر اور مضبوط نظام ملا ہوتا تو وہ ملک کو کئی گنا زیادہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن کرتے۔
انہوں نے اپنے اور وزیراعظم کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ دونوں کے درمیان اختلافات دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن ان کی یہ خواہش پوری نہیں ہوگی۔
نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
وفاقی وزیر داخلہ نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی اور وزیراعظم شہباز شریف پانچ سال تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
