بالی ووڈ کے معروف اداکار پردیپ راوت، جنہوں نے فلم ‘گجنی’، ‘لگان’ اور شہرہ آفاق ٹی وی سیریل ‘مہابھارت’ میں اپنی یادگار اداکاری سے لاکھوں مداحوں کے دل جیتے، 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پردیپ راوت کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
ان کے منیجر سدھارتھ تیواڑی نے میڈیا کو بتایا کہ اداکار کا کینسر دوبارہ شدت اختیار کر گیا تھا، جس کے باعث ان کی طبیعت مسلسل خراب رہی اور وہ چند گھنٹے قبل انتقال کر گئے۔
پردیپ راوت اپنے سوگواروں میں اہلیہ اور بیٹے وکرم ادتیہ کو چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی بھارتی فلم انڈسٹری اور مداحوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
اداکار یشپال شرما، جنہوں نے فلم ‘لگان’ میں پردیپ راوت کے ساتھ کام کیا تھا، نے انسٹاگرام پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
پردیپ راوت نے اپنے فنی سفر کا آغاز بی آر چوپڑا کے مقبول تاریخی ڈرامے ‘مہابھارت’ میں اشوتھاما کا کردار ادا کر کے کیا، جس سے انہیں ملک گیر شہرت حاصل ہوئی۔
بعدازاں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اپنی گونج دار آواز، منفرد انداز اور جاندار اداکاری کی بدولت منفی کرداروں کے لیے ایک مضبوط شناخت بنائی۔
معروف اداکار اور موسیقار خالد نظامی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے
انہوں نے عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ‘گجنی’ میں خوفناک ولن، ‘لگان’ میں دیوا، جبکہ ‘راؤڈی راٹھور’ اورساؤتھ انڈین سپر ہٹ فلم ‘سائے’ سمیت متعدد کامیاب فلموں میں اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین اور ناقدین کویکساں متاثر کیا، ان کے انتقال سے بھارتی فلم انڈسٹری ایک باصلاحیت فنکار سے محروم ہو گئی۔
