وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے 56 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 385 روپے 86 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ قیمتیں ایک روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔

خیال رہے کہ 4 اگست کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد تیل کی قیمتیں تقریباً تین ہفتوں کی کم ترین سطح پرآ گئی ہیں۔
مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق عالمی معیار سمجھے جانے والے برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت میں دو فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 81.62 ڈالر فی بیرل تک آ گئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت میں 3.49 فیصد کمی ہوئی اور یہ 77.54 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔
