صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ روابط اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صومالی وزیر دفاع نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی، جہاں باہمی پیشہ ورانہ امور، علاقائی بحری سلامتی اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف نے صومالیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صومالی وزیر دفاع نے ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون، پیشہ ورانہ اشتراک اور استعدادِ کار بڑھانے سے متعلق مختلف امور زیرِ غور آئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی مقامی دفاعی صلاحیت، جدید تربیتی نظام اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جبکہ پاک فضائیہ نے صومالی فضائیہ کے ساتھ ادارہ جاتی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صومالی وزیر دفاع نے علاقائی بحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا اور پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور تربیتی معیار کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، باہمی روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
