انڈونیشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد احتیاطاً گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے، تاہم فوری طور پر کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
مقامی حکام نے بتایا کہ زلزلے کے بعد متعلقہ اداروں نے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے، ہنگامی امدادی اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
انڈونیشیا بحرالکاہل کے ’’رنگ آف فائر‘‘ میں واقع ہے، جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کی مسلسل حرکت کے باعث زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں معمول کا حصہ سمجھی جاتی ہیں۔ اسی وجہ سے ملک میں وقتاً فوقتاً درمیانی اور شدید نوعیت کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔
مصر کے ساحلی علاقے بحیرۂ احمر میں 5.6 شدت کا زلزلہ
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر توجہ نہ دیں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیال رہے کہ دو دن پہلے مصر کے ساحلی علاقے بحیرۂ احمر میں 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا، زلزلے کے جھٹکے سیاحتی شہر شرم الشیخ سمیت قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔
مصری حکام کے مطابق زلزلے کا مرکز بحیرۂ احمر میں شرم الشیخ سے تقریباً 61 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع تھا۔
