شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے کراچی انتظامیہ نے آٹے کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔
کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکس مل آٹے کی قیمت 133 روپے فی کلو سے کم کر کے 130 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے۔
اجلاس چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایات پر طلب کیا گیا، جس میں چیئرمین چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم، فلور ملز مالکان، محکمہ خوراک کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں گندم کی دستیابی، آٹے کی پیداوار، سپلائی اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمشنرکراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ اندرون سندھ سے کراچی کو گندم کی فراہمی میں بہتری آ رہی ہے، جس کے باعث آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کی گنجائش پیدا ہوگی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپلائی مزید بہتر ہونے پرایکس مل آٹے کی قیمت تقریباً 125 روپے فی کلوتک لانے کی کوشش کی جائے گی تاکہ شہریوں کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ آٹے کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اورمارکیٹ میں مصنوعی قلت یا ناجائز منافع خوری کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تین ہفتوں کی کم ترین سطح پر آ گئیں
انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نئی قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور عوام تک سستے داموں آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی جاری رکھی جائے۔
