ہالی ووڈ کی مشہور فلم باربی سے وابستہ 26 سالہ میک اپ آرٹسٹ ایوا گلیز ایک المناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئیں۔
برطانوی پولیس کے مطابق حادثہ 26 جولائی کو شمالی یارکشائر کے علاقے وریلٹن میں پیش آیا، جہاں ایوا اپنی گاڑی چلا رہی تھیں۔
پولیس کے مطابق مخالف سمت سے آنے والی ایک کار اچانک ایوا گلیز کی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ایوا گلیز گزشتہ پانچ برس سے فلم اور ٹی وی انڈسٹری میں میک اپ آرٹسٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
اپنے مختصرمگرکامیاب کیریئر کے دوران انہوں نے متعدد معروف فلموں اور ٹی وی ڈراموں کیلئے میک اپ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا، جن میں ہالی ووڈ کی مقبول فلم باربی بھی شامل ہے، ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کو صنعت میں بے حد سراہا جاتا تھا۔
حادثے کے بعد ایوا گلیز کے اہل خانہ نے ایک جذباتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کی یادوں میں زندہ رہیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ ایوا کی ذہانت، دلکشی، خوبصورتی، پراعتماد شخصیت، بے شمار صلاحیتیں اور فلم و ٹی وی کی دنیا میں ان کی شاندار خدمات کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔
بالی ووڈ کے معروف اداکار پردیپ راوت انتقال کر گئے
اہل خانہ نے مزید بتایا کہ ایوا گلیز کی آخری رسومات کے حوالے سے تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ان کی اچانک وفات پر فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات اور مداحوں نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
