وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 45 میں سے 23 نشستیں حاصل کرکے سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا۔ اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 23 پر کامیابی حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ سے ترقی کی نئی منازل طے کریں گے۔ الیکشن کا دوسرامرحلہ بھی شفاف طریقے سے مکمل ہوا، ایل اے 27 میں خراب موسم کے باعث الیکشن ملتوی ہوا، مسلم لیگ ن کو 13 نشستوں پر کامیابی ملی۔
آصف زرداری کو سالگرہ مبارک، شکر کریں مینار پاکستان میں جلسے کی خفت سے نجات مل گئی، عظمیٰ بخاری
رانا ثناء نے کہا کہ کشمیر کے تمام نظریاتی ،مالیاتی اورسیاسی مسائل کو حل کریں گے ، آزاد کشمیر میں حکومت عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر قائم ہو گی، نواز شریف کی جانب سے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
دھاندلی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات سے پہلے ہی دھاندلی کا بیانیہ تیار کر رکھا تھا۔ ابتدا میں 13 حلقوں میں دھاندلی کے دعوے کیے گئے، بعد ازاں یہ تعداد کم ہو کر چار اور پھر دو حلقوں تک محدود ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دوسرے مرحلے میں 3 نشستیں حاصل کیں، پیپلز پارٹی والوں کومعلوم نہیں تھا کہ 3 پر کامیاب ہو جائیں گے۔
یہ الٹرا فارم 47 والا انتخاب نظر آ رہا ہے ، الیکشن کمیشن کردار ادا کرے ، ندیم افضل چن
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ میرپور الیکشن میں پیپلز پارٹی کو پتہ چلا کہ ہار گئے تو طوفان اٹھا دیا۔ پیپلز پارٹی نے شور مچایا کہ ہمارے ایم این اے پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے بتا تو دیں کہ ایم این اے کیا کرنے گیا تھا؟ پیپلزپارٹی نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کیساتھ ملکر ہنگامہ آرائی کرائی، الیکشن کو سبوتاژ کرنے کے لیے پیپلز پارٹی نے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے ، بلاول بھٹو سے اپیل ہے کہ وہ گزشتہ روز کے واقعات کی تحقیقات کروائیں۔
کشمیری عوام نے انتخابی عمل میں بھرپورشرکت کرکے جمہوری اقدار پر اعتماد کا اظہار کیا، امیرمقام
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس میں عوام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کرکے جمہوری اقدار پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ انتخابات کے کامیاب انعقاد سے جمہوریت، کشمیری عوام اور ریاست کی فتح ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر اعتماد کرتے ہوئے پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیا، جو عوامی خدمت اور ترقیاتی کاموں کا اعتراف ہے۔
انہوں نے پُرامن اور منظم انداز میں انتخابات کے انعقاد پر الیکشن کمیشن، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں، جس کے باعث انتخابی عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہوا۔
امیرمقام نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب نمائندے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
