وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے صدر آصف علی زرداری کو سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی پنجاب قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آصف زرداری کو ان کی سالگرہ مبارک ہو، تاہم شکر کریں کہ انہیں مینارِ پاکستان میں جلسے کی خفت سے نجات مل گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے زرداری کی سالگرہ کے موقع پر لاہور میں جلسے کا اعلان کیا تھا لیکن اس نوعیت کا خالی کرسیوں والا اجتماع دراصل پارٹی قیادت کی توہین کے مترادف ہے۔
بلاول کو نفرت کی سیاست زیب نہیں دیتی،لاڑکانہ کے نوابوں کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ جس شخص نے آصف زرداری کو لاہور میں جلسہ کرنے کا مشورہ دیا، اس کی ضرور جواب دہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات گورنر ہاؤس پنجاب میں ہونے والے پروگرام میں خالی کرسیوں کا جمِ غفیر تھا، جہاں تقریباً دو ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں، لیکن شرکا کی تعداد ڈیڑھ سو کے قریب تھی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں چوتھے نمبر پر پہنچانے والے وہی لوگ ہیں جو اپنی قیادت کو زمینی حقائق کے برعکس رپورٹیں دیتے ہیں۔
اپوزیشن نے9مئی سے ابھی بھی کچھ نہیں سیکھا،عظمیٰ بخاری
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی پنجاب قیادت اپنی جماعت سے زیادہ پنجاب حکومت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی رہنما اتنی ہی توجہ اپنی جماعت کی تنظیم اور عوامی رابطوں پر دیتے جتنی پنجاب حکومت پر تنقید میں صرف کرتے ہیں تو آج پنجاب میں پیپلز پارٹی کی یہ سیاسی صورتحال نہ ہوتی۔
