پاکستان اور ایران کے درمیان جامع آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں جو رواں فارسی سال کے اختتام تک طے پانے کی توقع ہے۔
پاکستان اور ایران اس وقت ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) کے تحت تجارت کررہے ہیں تاہم مجوزہ جامع آزاد تجارتی معاہدہ اس موجودہ انتظام کی جگہ لے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید وسعت دے گا۔
واضح رہے فارسی سال کو ایرانی کیلنڈر یا شمسی ہجری سال بھی کہا جاتا ہے جس کے مطابق نیا سال عموماً 20 یا 21 مارچ کو شروع ہوتا ہے اور اگلے سال 20 مارچ تک جاری رہتا ہے۔اس لحاظ سے دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ 20 مارچ 2027 تک متوقع ہے ۔
پاکستان اور ایران تقریباً 900 کلومیٹر طویل مشترکہ سرحد رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک اس سے قبل ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں جس کے تحت مخصوص اشیا کی فہرست پر درآمدی محصولات میں کمی کی گئی تھی۔
حالیہ برسوں میں دونوں ممالک نے مشترکہ سرحدی منڈیاں بھی قائم کیں اور مقامی کرنسیوں میں تجارت کو آسان بنانے کے لیے دوطرفہ طریقہ کار متعارف کرائے۔مجوزہ آزاد تجارتی معاہدے کو انہی کوششوں کا تسلسل قرار دیا جارہا ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنا اور دوطرفہ تجارت کو 10 ارب ڈالر سے آگے لے جانا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایران کی تجارتی ترقی کی تنظیم (ٹی پی او) کے مشرقی ایشیا اور برصغیر کے دفتر کے نائب سربراہ سید مہرداد سادات نسب نے بتایا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ رواں ایرانی سال کے اختتام تک حتمی شکل اختیار کرسکتا ہے۔
انہوں نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے پر پیش رفت جاری ہے، مذاکرات اور معاہدے میں شامل اشیا کی فہرستوں کے تبادلے کے بعد یہ اپنے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق نئے معاہدے پر عمل درآمد سے دونوں ممالک کے درمیان کسٹم اخراجات کم ہوں گے جس سے باہمی تجارت کے حجم میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔
سید مہرداد سادات نسب نے پاکستان اور ایران کے درمیان سرکاری اور غیر سرکاری تجارت کا موجودہ حجم تقریباً 6 ارب ڈالر بتایا۔ان کے مطابق دونوں ممالک میں وسیع معاشی صلاحیتیں موجود ہیں اور باہمی تجارت کو 10 ارب ڈالر سے زیادہ تک پہنچایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے صنعتی شعبے، زراعت، کان کنی اور تکنیکی و انجینئرنگ خدمات کو دوطرفہ اقتصادی تعاون کے اہم شعبے قرار دیا۔
ایرانی عہدیدار کے مطابق پاکستان کی منڈی میں ایران کی بنیادی برآمدی صلاحیتوں میں پیٹروکیمیکلز، مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی)، اسٹیل، ٹائلز اور سیرامکس شامل ہیں۔
انہوں نے ایرانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ پاکستانی مارکیٹ کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھیں اور زیادہ سے زیادہ مارکیٹ شیئر حاصل کرنے کے لیے معیاری اشیا مسابقتی قیمتوں پر فراہم کریں۔
سید مہرداد سادات نسب نے ایرانی برآمدات اور درآمدات کے لیے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال کو اسٹریٹجک اہمیت کا حامل قرار دیا۔ان کے مطابق اس اقدام سے ایران کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے نئے تجارتی راستے میسر آسکتے ہیں۔
انہوں نے نجی شعبے کی شمولیت، لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور صوبائی سطح پر تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا خصوصاً ایران کے جنوبی صوبے بوشہر کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت اجاگر کی۔



