لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 513 ریکارڈ کیا گیا جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافے سے متعلق خبردار کردیا۔
عالمی فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ فضائی آلودگی گلبرگ کالج روڈ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی، جہاں اے کیو آئی 927 تک پہنچ گیا، اسی طرح مشتاق علی گرمانی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 810 جبکہ مولانا شوکت علی روڈ پر 778 ریکارڈ کیا گیا۔
شہر کے دیگر علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی خراب رہی، ملتان روڈ، شاہدرہ، سفاری پارک، ایجرٹن روڈ، کاہنہ نو اورجی ٹی روڈ پراے کیو آئی 500 ریکارڈ کیا گیا، جوآلودگی کی خطرناک ترین سطح کو ظاہرکرتا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق برکی روڈ پراے کیو آئی 458، ڈی ایچ اے فیز 6 میں 386، پنجاب یونیورسٹی کے علاقے میں 377 جبکہ واہگہ بارڈر پر 376 ریکارڈ کیا گیا، ان علاقوں میں بھی فضائی معیار انتہائی مضر صحت کی سطح پر رہا۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست
دوسری جانب آئی کیو ایئرکی عالمی درجہ بندی میں لاہور489 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پررہا جبکہ بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 241 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔

فہرست میں مصرکا دارالحکومت قاہرہ 185 کے ساتھ تیسرے، بھارت کا شہرممبئی 174 کے ساتھ چوتھے اور پاکستان کا سب سے بڑا شہرکراچی 170 اے کیوآئی کے ساتھ پانچویں نمبر پرموجود ہے۔
عالمی ادارے کے مقررکردہ معیارکے مطابق 301 سے زیادہ اے کیوآئی خطرناک آلودگی کی نشاندہی کرتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اسموگ کے انسانی صحت پر مختلف اثرات
اسموگ میں موجود زہریلے اورآلودہ ذرات انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں خصوصاً بچے، بزرگ اور پہلے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد اس سے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
اسموگ کے باعث آنکھوں میں جلن اور پانی آنے، گلے میں خراش، کھانسی اور سانس لینے میں دشواری جیسے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جبکہ دمہ اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد کی تکالیف بڑھنے کے علاوہ دل اور خون کی شریانوں کے مریضوں کے لیے بھی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
طویل عرصے تک آلودہ فضا میں رہنے سے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔
اسموگ سے بچاؤ کے لیے کیا احتیاط کریں؟
ائیر کوالٹی انڈیکس پنجاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر جاتے وقت اچھی فٹنگ والا این 95 ماسک استعمال کریں۔
اس کے علاوہ فضائی آلودگی زیادہ ہونے کی صورت میں گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں، بچوں اور بزرگوں کو کھلی فضا میں ورزش سے روکیں اور گھروں میں سگریٹ نوشی سمیت دھواں پیدا کرنے والی سرگرمیوں سے اجتناب کریں، سانس لینے میں دشواری یا سینے میں تکلیف محسوس ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے۔


