فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کو فتح ملی تو ہسپانوی کھلاڑی لامین یمال فرطِ جذبات سے گراؤنڈ میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر دعا کرنے لگے۔
یمال مسلمان ہیں اور اس بات کا اظہار کھلم کھلا اور فخر سے کرتے ہیں۔ لہذا سمجھ آتا ہے کہ وہ فتح ملنے پر اپنے معبود کا شکر بجا لا رہے تھے۔ مگر جو بات سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد کو سمجھ نہ آسکی، وہ یمال کی وائرل ویڈیو میں ان کے پیچھے چلنے والا ڈرامہ تھا۔
یمال کے پیچھے کون لڑ رہا تھا اور کیوں؟
وائرل ویڈیو اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دعا کرتے یمال کے پیچھے گھمسان کی لڑائی چل رہی تھی، جس میں اطراف کے کھلاڑی باہم دست و گریبان تھے۔
View this post on Instagram
اس لڑائی کے مرکزی کردار ارجنٹینا کے مڈفیلڈر لیونارڈو پریڈیس تھے، جو اسپین کے مڈفیلڈر گاوی اور ڈیفینڈر ایرک گارسیا سے بری طرح الجھ پڑے تھے۔
ارجنٹینا ہار برداشت نہ کر سکا؟
جیسے ہی آخری سیٹی سے میچ ختم ہونے کا اعلان ہوا، اسپین کے متبادل کھلاڑی اسٹیڈیم سے جیت کا جشن منانے گراؤنڈ کی طرف دوڑے۔ ارجنٹینا کے کھلاڑی پہلے ہی میچ ہارنے کے غم اور غصے میں تھے۔ پریڈیس نے غصے میں آ کر پہلے ایرک گارسیا کا گلا دبا دیا اور پھر جشن مناتے ہوئے گاوی کو زور دار دھکا دے کر زمین پر گرا دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور اسٹاف ایک دوسرے کو دھکے دینے لگے۔
View this post on Instagram
میچ ختم ہونے کے بعد بھی اس پرتشدد رویے اور گاوی پر حملہ کرنے کی وجہ سے ریفری نے لیونارڈو پریڈیس کو براہِ راست ریڈ کارڈ دکھا دیا۔
ارجنٹینا کے کھلاڑی مسلسل دوسری بار ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر شدید مایوس اور غصے میں تھے۔ جب ہسپانوی کھلاڑیوں نے ان کے سامنے جوش و خروش سے جشن منایا، تو پریڈیس اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور یہ تصادم شروع ہو گیا۔
فائنل میں ہونے والے دیگر جھگڑے
نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ فائنل میچ شروع سے ہی انتہائی سخت اور تلخ تھا، جس میں کھلاڑیوں کے درمیان کئی بار جھڑپیں ہوئیں۔
Lamine Yamal, a 19 year old Muslim ma, won at the FIFA World Cup today and he takes time to Thank Allah
Mashallah my brother, you made us all proud.
And YES a fight did break out behind him, see video 2 pic.twitter.com/uLDZWmKQqw
— Ryan Rozbiani (@RyanRozbiani) July 20, 2026
میچ کے دوران ارجنٹینا کے مڈفیلڈر انزو فرنینڈس (Enzo Fernández) انتہائی جارحانہ موڈ میں تھے۔ انہوں نے اسپین کے پاؤ کوبارسی (Pau Cubarsí) کو خطرناک طریقے سے ٹیکل کیا، جس پر انہیں میچ کا دوسرا یلو کارڈ ملا جو ریڈ کارڈ میں تبدیل ہو گیا اور ارجنٹینا کی ٹیم میچ کے آخری لمحات میں 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی۔
اسپین کے کھلاڑی کو تھپڑ بھی پڑا
میچ کے بعد ہونے والے ہنگامے میں ایک شرمناک واقعہ یہ بھی پیش آیا کہ ارجنٹینا کے اسسٹنٹ کوچ اور سابق مایہ ناز کھلاڑی روبیرٹو ایالا (Roberto Ayala) نے اسپین کے مڈفیلڈر ڈانی اولمو (Dani Olmo) کو چہرے پر تھپڑ جڑ دیا۔ یہ سارا منظر کیمروں نے قید کر لیا اور واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
Argentina assistant coach Roberto Ayala hit Dani Olmo in the face out of nowhere 🤮
What a disgusting behaviour. Olmo is 28 while he’s 53! pic.twitter.com/lPURafP9NI
— BarçaTimes (@BarcaTimes) July 20, 2026
صورتحال بے قابو ہوتی دیکھ کر ارجنٹینا کے ہیڈ کوچ لائونل اسکالونی (Lionel Scaloni) خود دوڑے تاکہ اپنے غصے سے بھرے کھلاڑیوں کو ہسپانوی کھلاڑیوں سے دور کر سکیں اور ماحول کو ٹھنڈا کر سکیں، لیکن تب تک معاملہ ہاتھ سے نکل چکا تھا۔
لیکن یہ میچ سے جڑے ثانوی نوعیت کے واقعات ہیں۔ آخر میں جو واقعہ اہمیت رکھتا ہے، وہ یہی ہے کہ اسپین نے ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دیکر فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنے نام کیا۔ میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 106ویں منٹ میں فیران ٹورس نے کیا۔
