فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میچ کے اختتام پر اسپین اور ارجنٹینا کے کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے۔
آخری سیٹی بجتے ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آمنے سامنے آ گئے۔ ارجنٹائن کے لیاندرو پاریڈیس اور اسپین کے ایرک گارشیا کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی۔ پاریڈیس نے غصے میں گارشیا کو دھکا دیا، جس کے نتیجے میں اسپینش کھلاڑی زمین پر گر گئے۔
واقعے کے فوراً بعد دونوں ٹیموں کے دیگر کھلاڑی، متبادل کھلاڑی اور کوچنگ اسٹاف بھی میدان میں پہنچ گئے، جس سے چند لمحوں کیلیے شدید دھکم پیل اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ بعد ازاں میچ آفیشلز اور ٹیم حکام نے مداخلت کرکے صورتحال پر قابو پا لیا۔
View this post on Instagram
میچ کے دوران بھی ماحول خاصا کشیدہ رہا۔ ارجنٹائن کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو مقررہ وقت کے آخری لمحات میں خطرناک فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے باعث ٹیم کو اختتامی مرحلے میں دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا، جبکہ ارجنٹائن کے متعدد کھلاڑیوں کو یلو کارڈز بھی دکھائے گئے۔
ورلڈکپ جیتتے ہی اسپین پر ڈالروں کی بارش، فیفا نے ریکارڈ انعام دے دیا
ہنگامے کے باوجود کھیل کا مثبت پہلو بھی سامنے آیا۔ اسپین کے کئی کھلاڑی لیونل میسی کے پاس گئے، ان سے مصافحہ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی، دونوں ٹیموں کے کوچز لیونل اسکالونی اور لوئس ڈی لا فوئنٹے نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے بعد ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی نے شکست کو خندہ پیشانی سے قبول کرتے ہوئے کہا کہ “فتح میں عاجزی اور شکست میں وقار ہونا چاہیے۔ ہم نے اپنی پوری کوشش کی، اب اس شکست سے سبق سیکھ کر مزید مضبوط انداز میں واپس آئیں گے۔”
ورلڈ کپ 2026 کا فائنل جہاں اسپین کی تاریخی کامیابی کے باعث یادگار بن گیا، وہیں اختتامی سیٹی کے بعد میدان میں ہونے والی ہنگامہ آرائی بھی شائقین کے لیے طویل عرصے تک موضوعِ گفتگو رہے گی۔
