نیویارک: فیفا ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر نصب ٹکٹ اسکیننگ سسٹم فیل ہو گیا جس کی وجہ سے شائقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل میٹ لائف اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر نصب ٹکٹ سسٹم فیل ہونے پر شائقین نے شدید احتجاج کیا۔
مہنگے ٹکٹ خریدنے کے باوجود شائقین کو اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے دو گھنٹے سے زائد انتظار کرنا پڑا۔
ارجنٹائن اور اسپین کے درمیان فائنل میچ سے قبل اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر ٹکٹ اسکیننگ کے نظام میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی، جس کے باعث خودکار داخلی گیٹس (ٹرن اسٹائلز) پر متعدد شائقین کے ٹکٹ اسکین نہ ہو سکے۔
خرابی کے باعث اسٹیڈیم کے باہر طویل قطاریں لگ گئیں اور 82 ہزار 500 نشستوں والے میٹ لائف اسٹیڈیم کے داخلی راستوں پر شدید افراتفری دیکھنے میں آئی۔ سیکیورٹی اہلکار بھی ہجوم کو منظم کرنے میں مشکلات کا شکار رہے، جبکہ ہزاروں شائقین اپنی نشستوں تک پہنچنے کے لیے گھنٹوں انتظار کرتے رہے۔
دوسری جانب فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کو کھیلوں کی تاریخ کے مہنگے ترین ایونٹس میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ میں ایمباپے کا نیا عالمی ریکارڈ، میسی دوسرے نمبر پر چلے گئے
رپورٹس کے مطابق فیفا کی آفیشل ری سیل ویب سائٹ پر میچ سے ایک روز قبل سب سے سستا ٹکٹ بھی تقریباً 6 ہزار برطانوی پاؤنڈ میں فروخت ہو رہا تھا، جس کے باعث یہ فائنل پہلے ہی غیر معمولی مہنگے ٹکٹوں کی وجہ سے عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
