اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چودھری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی سے قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چودھری نے معرکہ حق سے متعلق عمران خان کی بہن نورین نیازی کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے افسوسناک، غیرذمہ دارانہ اور قومی مفادات کے منافی قرار دیا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ نورین نیازی کے بیان سے قوم کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس لیے انہیں اپنے الفاظ پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے اندر موجود بعض عناصر ملک کے لیے خطرہ بن چکے ہیں اور ان کی سیاست کا مقصد انتشار پھیلانا ہے۔
عون چودھری نے کہا کہ معرکہ حق قومی فخر کی علامت ہے، جس کی کامیابی پر پوری قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے، جبکہ پاکستان کی شناخت اور قومی مفاد ہر چیز سے مقدم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا، اور اس کامیابی پر پوری قوم اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
دوسری جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بہن نورین نیازی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں اس بیان پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ایسے بیانات کو بھارتی میڈیا میں پذیرائی ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: ویلنشیا ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کی ہلاکت، اہم پیشرفت سامنے آ گئی
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اس قسم کے بیانات کے ذریعے اپنی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہی ہے، حالانکہ اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔ یہ اپنی سیاست کی خاطر پاکستان کوبدنام کرنا چاہتے ہیں۔
