محکمہ موسمیات نے آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کل سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، مری اور خطہ پوٹھوہار میں 19 سے 23 جولائی تک بارش متوقع ہے جبکہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پیش گوئی کے مطابق خیبرپختونخوا میں 19 سے 23 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی اسی عرصے کے دوران آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں 18 سے 25 جولائی کے درمیان موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلگت بلتستان کے برفانی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کے خطرات کے پیشِ نظر نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نگر، ہنزہ، استور، غذر، شگر، سکردو، کھرمنگ، گانچھے اور دیامر کے حساس برفانی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے خودکار موسمیاتی اور واٹر لیول سینسر اسٹیشنز کے ذریعے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
ترکیہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ویڈیو وائرل
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ گلیشیائی سیلاب سے نمٹنے کے لیے ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ پہاڑی اور برفانی علاقوں کے رہائشیوں اور وہاں سفر کرنے والے افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
