این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال، اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر الرٹس جاری کر دیے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 18 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کا خدشہ ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) تمام ممکنہ خطرات کی پیشگی نگرانی اور متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔
محکمہ کے مطابق گلگت بلتستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں درمیانے سے بلند درجے کے سیلاب کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بالائی و وسطی اضلاع اور پہاڑی برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ آزاد کشمیر میں دریائے نیلم، جہلم، پونچھ اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے 19 سے 24 جولائی تک آزاد جموں و کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث نیلم، حویلی، پونچھ، مظفرآباد اور باغ میں مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ ہے، جبکہ کوٹلی، سدھنوتی، میرپور اور بھمبر کے پہاڑی علاقوں میں بھی درمیانے درجے کے خطرات موجود ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مظفرآباد، باغ، کہوٹہ اور بھمبر کی شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب 17 سے 23 جولائی تک پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شدید بارشوں کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پنجاب میں سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو اور جعفرآباد سمیت ملحقہ اضلاع کے برساتی نالے متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے 18 سے 23 جولائی تک پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں شہری سیلاب کے خدشے سے بھی آگاہ کیا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، مردان اور چارسدہ کے نشیبی علاقوں میں بھی پانی جمع ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ملک میں کل سے بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور ریسکیو ٹیمیں تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، دریاؤں کے کناروں، زیرِ آب سڑکوں اور خطرناک پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہیں۔
مسافروں اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو مستند معلومات اور حفاظتی اقدامات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
