لندن: بھارتی آل راؤنڈر واشنگٹن سندر انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے سے باہر ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق واشنگٹن سندر کو کارڈف میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران ٹانگ میں تکلیف ہوئی، جس کے باعث وہ فیلڈنگ کے لیے میدان میں واپس نہ آ سکے۔
بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک کے مطابق واشنگٹن سندر کو پہلا رن لیتے ہوئے ہیم اسٹرنگ انجری ہوئی، جو بظاہر سنجیدہ نوعیت کی ہے۔ انجری کے باعث واشنگٹن سندر صرف 2 رنز بنا سکے اور ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
یاد رہے کہ واشنگٹن سندر نے پہلے ون ڈے میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
ان کی غیر موجودگی میں بھارتی ٹیم کو متبادل آل راؤنڈر کی کمی کا سامنا ہے، کیونکہ ہاردک پانڈیا اور نتیش کمار ریڈی بھی انجری کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ فائنل، ٹکٹوں کی قیمتوں نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا
دوسری جانب اگر بھارتی ٹیم اضافی اسپنر کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کرتی ہے تو بائیں ہاتھ کے لیگ اسپنر کلدیپ یادیو کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جو گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیم میں مستقل جگہ نہیں بنا سکے۔
