اسلام آباد: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کویتی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے اسلام آباد ایم او یو پر مکمل عملدرآمد کی اپیل کر دی۔
دفتر خارجہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے اپنی سرزمین پر جاری مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں امن کے قیام کے لیے تمام فریقوں پر تحمل اور ضبط نفس کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔
شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) پر اس کی اصل روح کے مطابق مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے علاقائی استحکام اور مکالمے کے فروغ کے لیے پاکستان کے مثبت اور مصالحتی کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر صورت احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ علاقائی امن و سلامتی کا تحفظ موجودہ حالات میں سب سے اہم ترجیح ہے۔
اسحاق ڈار نے اسلام آباد ایم او یو کے تحت جنگ بندی کے معاہدوں پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریق ایسے اقدامات سے گریز کریں جو کشیدگی میں مزید اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکا سے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کرنے کا اعلان
گفتگو کے اختتام پر دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر آئندہ بھی قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
