بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے 5 جولائی کو گوری سپراٹ کے ساتھ نہایت سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی، مگر تقریب کے چند روز بعد دلہن کی انگلی میں سجی ایک نایاب یاقوت کی انگوٹھی سوشل میڈیا اور جیولری ماہرین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے باندرہ میں عامر خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب میں صرف اہلِ خانہ، بچوں اور چند قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ نہ کوئی شاندار استقبالیہ رکھا گیا اور نہ ہی بالی وڈ شخصیات کا ہجوم نظر آیا، تاہم شادی کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں گوری سپراٹ کی سرخ یاقوت سے مزین انگوٹھی نے صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کر لی۔
رپورٹ کے مطابق یہ انگوٹھی ممبئی کے لگژری جیولری برانڈ ‘کوین’ نے خصوصی طور پر تیار کی۔ اس کا مرکزی نگینہ مڈغاسکر سے حاصل کیا گیا قدرتی کیبوشون کٹ روبی (یاقوت) ہے، جسے جواہرات کے ماہرین نے اس کے نایاب معیار، رنگ اور شفافیت کی وجہ سے ’’ون اِن اے ملین‘‘ قرار دیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق برانڈ کے شریک بانی امیت کمار نے بتایا کہ صرف اس نایاب یاقوت کی تلاش میں 3 ماہ سے زیادہ وقت صرف ہوا، کیونکہ اس درجے کا قدرتی روبی انتہائی کم یاب ہوتا ہے۔
View this post on Instagram
برانڈ کے مطابق انگوٹھی کی تیاری میں 131 ماہر کاریگروں نے حصہ لیا، جبکہ ڈیزائن، پتھر کی تراش خراش، سیٹنگ، ہیرے جڑنے اور آخری فنشنگ سمیت تمام مراحل مکمل کرنے میں 256 گھنٹوں سے زیادہ وقت لگا۔
جیولری ماہرین کے مطابق یہ انگوٹھی مکمل طور پر دستکاری سے تیار کی گئی ہے اور اسے ایک ایسے شاہکار کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے جو نسل در نسل منتقل کیا جا سکے۔
انگوٹھی کے ڈیزائن میں مرکزی یاقوت کو تاج نما سنہری ساخت میں نصب کیا گیا ہے، جبکہ اس کے گرد تقریباً 40 قدرتی ہیروں کی نفیس جڑائی کی گئی ہے۔
باریک مل گرین نقش و نگار، ابھرا ہوا بمبے طرز اور شاہی انداز اس انگوٹھی کو روایتی مغربی ڈیزائن سے ممتاز بناتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس میں مغل اور یورپی شاہی زیورات کے انداز کی جھلک بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
اگرچہ عامر خان یا جیولری برانڈ نے اس انگوٹھی کی قیمت ظاہر نہیں کی، تاہم جواہرات کے ماہرین کا اندازہ ہے کہ نایاب مڈغاسکر روبی، قدرتی ہیروں اور سینکڑوں گھنٹوں کی دستکاری کے باعث اس کی مالیت کروڑوں روپے تک ہو سکتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق موجود نہیں۔
