گوگل نے یکم اکتوبر 2026 سے گوگل میسجز میں صارفین کے لیے نیا لانگ پریس مینو متعارف کرا دیا، جس کا مقصد پیغامات کے استعمال اور مختلف آپشنز تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔
غیر ملکی آن لائن ٹیکنالوجی نیوز اینڈرائیڈ ہیڈ لائنز کے مطابق گوگل میسجز کا نیا لانگ پریس مینو اب بیٹا ورژن سے نکل کر زیادہ صارفین تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نئی اپڈیٹ کے تحت کسی پیغام کو لانگ پریس کرنے پر ریپلائی، فارورڈ، کاپی، اسٹار، ڈیلیٹ، سلیکٹ مور اور انفو سمیت اہم آپشنز ایک ہی مینو میں دستیاب ہوں گے، جبکہ تصاویر کے لیے ری مکس اور سیو جیسے آپشنز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
نیا مینو لائٹ اور ڈارک موڈ کے ساتھ ساتھ لینڈ اسکیپ اسکرین میں بھی بہتر انداز میں کام کرے گا۔
مخصوص متن کاپی کرنے کی سہولت
نئی اپڈیٹ میں مخصوص متن کاپی کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔ اب صارف پورا پیغام کاپی کرنے کے بجائے پیغام کو لانگ پریس کر کے سلیکشن ہینڈلز کی مدد سے صرف مطلوبہ متن منتخب اور کاپی کرسکے گا۔
یہ فیچر ایڈریس، کوڈ یا کسی جملے کو پورے پیغام کے بجائے الگ سے کاپی کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
Google Messages Finally Rolls Out a Handy New Long-Press Menu https://t.co/oCUoFZw8f8 #android
— Androidheadline (@Androidheadline) September 26, 2026
رپورٹس کے مطابق یہ دونوں تبدیلیاں اگست میں گوگل میسجز کے بیٹا صارفین کے لیے جاری ہونا شروع ہوئی تھیں، تاہم ان کی دستیابی بڑی حد تک گوگل کے سرورز کے ذریعے کنٹرول کی جا رہی تھی۔ اب اسٹیبل ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو بھی نیا ڈیزائن ملنا شروع ہوگیا ہے، تاہم تمام صارفین تک پہنچنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
گوگل نے پیغام منتخب کرنے کے تجربے کو بھی بہتر بنایا ہے۔ تازہ ترین پیغام منتخب کرنے پر اینیمیشن اور ہلکی وائبریشن ہو گی جبکہ منتخب پیغام اسکرین کے درمیان میں نمایاں ہوجائے گا، جس سے صارف کو منتخب پیغام کی شناخت میں آسانی ہو گی۔
اگر نئے فیچرز صارف کے فون پر فوری طور پر نظر نہیں آرہے تو گوگل میسجز کو فورس اسٹاپ کرکے دوبارہ کھولنے سے اپڈیٹ فعال ہونے کا امکان ہے۔


