آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومتی پٹرولیم پرائسنگ میکنزم کے تحت 3 اکتوبر 2026 سے 5 اکتوبر 2026 تک کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتوں میں ردوبدل کردیا۔
اوگرا کے اعلان کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 10 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 392 روپے 76 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 30 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 399 روپے 64 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق 3 اکتوبر سے 5 اکتوبر2026 تک ہوگا۔ اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نرخ ایکس ڈپو قیمتیں ہیں۔

پٹرولیم ڈویژن کے مطابق اعلان کردہ قیمتیں عالمی مارکیٹ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں سے منسلک ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ردوبدل عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں، پلیٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے عالمی مارکیٹ کے نرخوں سمیت دیگر متعلقہ عوامل کا جائزہ لیا جاتا ہے، جس کے بعد نئی قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق سرمایہ کار ایران سے متعلق کشیدگی میں ممکنہ اضافے، خطے میں تیل کی رسد کی صورتحال میں بہتری اور عالمی سطح پر ڈیزل کی قلت دور کرنے کی کوششوں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 29 سینٹ اضافے کے بعد 102.60 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت میں بھی 27 سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 93.14 ڈالر ہوگئی۔
مارکیٹ میں سرمایہ کار مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی سطح پر تیل کی طلب و رسد سے متعلق پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔



